بھٹکل، 29/ جنوری (ایس او نیوز) کل جمعہ کے دن -بھٹکل تعلقہ کے تین الگ الگ مقامات پر آتشزدگی کے واقعات پیش آئے اور فائر بریگیڈ عملہ نے تینوں مقامات پرپہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی انجام دی ۔
آتشزدگی کا پہلا معاملہ بئیلور نیر گدّے میں ماوین کوڈلا کے پاس واقع جنگلاتی علاقہ میں پیش آیا ۔ خبر ملتے ہی جائے وقوع پر پہنچنے والی فائر بریگیڈ ٹیم نے 5 ایکڑ پر پھیلے اکشیا پلانٹیشن میں لگی آگ پر قابو پالیا ۔ اسی طرح دوسرا واقعہ بینگرے پنچایت علاقے میں موجود ایک لکڑی کی فیکٹری میں پیش آیا ۔ جس میں آفس کیبن، کرسیاں ، سی سی کیمرے ، پرنٹر، ٹیبل کرسیاں اور وائرنگ وغیرہ جل کر خاکستر ہوگئے ۔ ایک اندازے کے مطابق آتشزدگی کی وجہ سے تقریباً 2 لاکھ روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے ۔ فائر بریگیڈ عملہ نے آگ بجھانے کی جو کارروائی کی اس کی وجہ سے تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کا ساز و سامان جلنے سے محفوظ ہوگیا ۔
آگ لگنے کا تیسرا معاملہ ساگر روڈ کے بلال کھنڈ علاقے میں واقع 5 ایکڑ وسیع جنگل میں پیش آیا اور یہاں بھی فائر بریگیڈ عملہ نے فوری طور پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ۔ دن بھر آگ بجھانے کی اس کارروائی میں فائر بریگیڈ کے پی ایس آئی رمیش شیٹی کی قیادت میں شفیع ، شیو پرساد نائک ، کمار نائک ، پرشوتم نائک ، اکشئے ہیرے مٹھ اور دوسرے اہلکاروں نے حصہ لیا ۔